بنگلورو،18؍دسمبر، (ایس او نیوز) ریاستی وزیر صنعت کے جے جارج نے آج ریاستی اسمبلی کو بتایاکہ کولار ضلع کے کولار گولڈ فیلڈس( کے جی ایف) میں موجود بھارت گولڈ مائنس لمیٹیڈ کا کارخانہ بند ہوچکا ہے۔اس کارخانے کے بند ہوجانے سے جو مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں ان کی سہولت کے لئے ٹمکور کے طرز پر کے جی ایف میں ایک بہترین ہمہ مقصدی صنعتی زون قائم کیا جائے گا، جہاں پر بڑی اور درمیانی درجے کی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔
کے جی ایف کی رکن اسمبلی روپ کلا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جی ایم ایل کے بند ہوجانے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں ، کارخانہ بند ہونے کے سبب جو زمین بیکار پڑی ہوئی ہے اس زمین کو صنعتی زون کے قیام کے استعمال میں لایا جائے گا اور ٹمکور کے طرز پر یہاں نئی نئی صنعتیں قائم کرنے پر غور کیاجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں 13 نومبر2018 کو وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی صدارت میں میٹنگ کے دوران کے جی ایف میں صنعتی زون قائم کرنے پر تبادلۂ خیال کیاگیا ہے۔ کولار ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور انڈسٹریل ایریا ڈیولپمنٹ بورڈ کے کمشنر اس میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں ہدایت دی تھی کہ صنعتی زون کے قیام کے لئے مناسب زمین کی نشاندہی کرکے محکمے کو مطلع کیا جائے۔